کوڈاگو (کرناٹک): شمالی کرناٹک سے تعلق رکھنے والے چھ ہندو یاتریوں کا ایک گروپ جو رات کے وقت کیرالہ کے سبریمالا مندر جارہے تھے کہ انہیں کوڈاگو ضلع میں جنگلی جانوروں کے حملوں کے خطرہ محسوس ہوا تو انہیں مسجد کے احاطے میں رہنے کی اجازت ملنے کے بعد راحت ملی۔ کوڈاگو ضلع کے ویراج پیٹ تعلقہ کے اڈاتھرا گاؤں میں لیل الھدی جامع مسجد اور مدرسہ کے انتظامیہ اور علماء دین کی ہندو زائرین کو مسجد کے احاطہ میں پناہ دینے پر ستائش کی جارہی ہے۔
بیلگاوی ضلع کے گوکاک کے قریب ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے ہندو یاتریوں نے بائیک پر سبریمالا کی یاترا شروع کی۔ رات کے اوقات میں گھنے جنگل کے درمیان واقع ایڈاتھارا گاؤں پہنچنے پر انہوں نے جنگلی جانوروں بالخصوص ہاتھیوں کے حملوں کے ممکنہ خطرے کو محسوس کیا۔ اسی دوران انہیں ایک مسجد دکھائی دی۔
مسجد دکھائی دینے پر ہندو یاتریوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ انہیں مسجد کے احاطے میں ٹہرنے کی اجازت دی جائے۔ مسجد کے صدر عثمان اور عہدے دار خطیب قمرالدین انوری نے مثبت جواب دیا اور مسجد میں یاتریوں کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے۔ اور انہیں مسجد کے احاطے میں پوجا کرنے کی بھی اجازت دی گئی۔ ہندو یاتریوں نے مسجد کے احاطہ میں پوجا کی اور مسجد انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنے کے بعد سبریمالا کے لیے روانہ ہو گئے۔
مزید پڑھیں: مسجد ون مومنٹ نے احمد آباد میں شکشا یاترا مہم کا آغاز کیا
مسجد کے صدر عثمان نے کہا کہ ’’ہم مذہبی عقیدت مندوں کو خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، ایڈاتھرا کی اپنی مسجد میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ علاقہ رات کے وقت ہاتھیوں کے حملوں کا شکار رہتا ہے۔ جو بھی اس راستے سے گزرے گا وہ مسجد میں رات کے اوقات میں رہ سکتا ہے اور ہم تمام سہولیات فراہم کریں گے"۔
( آئی اے این ایس )