وبائی حالات میں بنگلور شہر کا معروف سماجی ادارہ 'روٹی چیریٹی جو کہ پچھلے 4 برسوں سے روزانہ تقریباً 400 افراد کو مفت میں کھانا کھلاتا آرہا ہے اسی کے توسط سے حال ہی میں ایک کمیونٹی کلینک کی بھی شروعات کی گئی تھی جہاں غریبوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔
اسی ادارے کی جانب سے غریب طلباء کے لیے مفت کمپیوٹر ٹریننگ کا پروگرام شروع کیا گیا ہے تا کہ جو بچے کمپیوٹر سیکھنے کی فیس نہیں بھر سکتے وہ یہاں سے استفادہ کر سکیں۔
اس سلسلے میں روٹی چیریٹی آرگنائزیشن کے صدر سید گلاب نے کہا کہ 'یہ کمپیوٹر ٹریننگ کلاس ان غریب بچوں کے لیے ہے جو آن لائن کلاسز میں حاضری نہیں دے سکتے اور گھر پر اپنے اوقات کو بیکار میں گزارنے پر مجبور ہیں۔
سید گلاب نے بتایا کہ اس اسکل ڈیولپمینٹ سینٹر میں چلائی جارہی اس قسم کی تربیت ان بچوں کے مستقبل کے لیے بہت کارگر ثابت ہوگی۔
اس سلسلے میں کمپیوٹر ٹیچر شافرین کہتی ہیں کہ یہاں بچے کمپیوٹر سیکھتے ہوئے بڑی خوشی محسوس کرتے ہیں اور انہیں کمپیوٹر کی بنیادی چیزوں کے علاوہ ایم ایس آفس جیسے ایپلیکیشنز بھی سکھائے جارہے ہیں۔