شہر گلستاں میں کئی ایسی سماجی تنظیمیں ہیں جو برسوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں غریب، مسکین اور لاچار افراد کو مفت کھانا کھلانے کا کام نہایت ہی خلوص کے ساتھ انجام دے رہے ہیں.
ایسی ہی ایک تنظیم "روٹی چیریٹی ٹرسٹ" نے آج اس مفت خدمت کو انجام دیتے ہوئے 1000 دن مکمل کر لیے ہیں.
ٹرسٹ کے بانی سید گلاب نے اس موقع پر کہا کہ بھوک کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ہم پچھلے 3 برسوں سے روزانہ تقریباً 300 ایسے افراد کو کھانا کھلاتے ہیں جو یہاں سرکاری اسپتالوں میں اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ علاج کے لیے آتے ہیں.
روٹی چیریٹی تنظیم کی جانب سے 'اندرا گاندھی چلڈرنز ہسپتال' کے احاطے میں پچھلے 3 برس سے غریب مریضوں کے ساتھ آئے ان کے رشتے داروں کو مفت میں دوپہر کے کھانے کا انتظام کرتے آرہے ہیں. اس ہسپتال کے اطراف میں 3 دیگر ہسپتال اور ہیں جہاں کے لوگ بھی یہیں آکر دوپہر کا کھانا کھاتے ہیں۔
اس موقع پر ریاست کی قد آور شخصیت و مجاہد آزادی جو مہاتما گاندھی کے دوست ہوا کرتے تھے جن کا نام دورےسوامی ہے، نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور سید گلاب و ان کی ٹیم کو اس عظیم کار خیر کے لئے مبارکباد پیش کی.
اس موقع پر اس تنظیم کے سرپرست و رہنما سید اقبال نے کہا کہ مسکینوں کو کھانا کھلانا یقیناً ایک عظیم ترین خدمات ہے اور اس میں انسانیت کے لئے بڑا پیغام ہے. انہوں نے کہا کہ اس طرح کا کار خیر شہر میں ہر جگہ کیا جانا چاہئے۔
شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن اظہر مخصوصی نے اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے ملک میں بھکمری اس قدر ہے کہ ہر روز 20 کروڑ لوگ بھوکے سوتے ہیں اور ہم اپنے سماج کو مہذب کہتے ہیں اور ان سے آنکھیں موندے ہوئے ہیں، یہ ہمارے لیے بڑے المیے سے کم نہیں ہے۔
اظہر مخصوسی نے بتایا کہ وہ آنے والے دنوں میں بےروزگاری جو کہ بھکمری کی کئی وجوہات میں سے ایک ہے، کو دور کرنے کے سلسلے میں نوجوانوں کو جو کم پڑھے لکھے ہیں انہیں چھوٹے تکنیکی کورسز کروائینگے کہ اس سے روزگار کے مواقع فراہم ہوسکیں.