گلبرگہ: ریاست کرناٹک گلبرگہ شہر میں معروف ادیب شاعر اور خاکہ نگار مرحوم ڈاکٹر وحید انجم کی تیسری برسی کے موقع پر انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کے زیر اہتمام حضرت خواجہ بندہ نواز ایوان اردو ہال میں مرحوم ڈاکٹر وحید انجم کے تنقیدی وتبصراتی مضامین کے مجموعے ،،روشن دریچے ،، کتاب کا رسم اجرا عمل میں آیا۔ اس موقع پر شہر کے ممتاز ادیب شخصیات نے ڈاکٹر وحید انجم کی ادبی خدمات کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحمید اکبر صدر شعبۂ اردو کے بی این یونیورسٹی نے روشن دریچے کتاب کا رسم اجرا انجام دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر وحید انجم ادب و فن کی واحد شخصیت کے مالک تھے۔ وحید انجم پیدائشی قلم کار تھے۔ غیر معمولی محققانہ شعور اور تنقیدی ذہن کی حامل ان کی شخصیت کے کئی زاویے ہیں اور ہر زاویہ منفرد ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ڈاکٹر وحید انجم کی تخلیقی کائنات کا رسم اجراء
اس موقع پر ڈاکٹر منظور احمد دکنی نے مزید کہا کہ روشن دریچے ڈاکٹر وحید انجم کی 15ویں کتاب ہے، جسے انہوں نے اپنی حیات میں ہی ترتیب دیا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد ان کے فرزند اور اہلیہ نے اس کتاب کی اشاعت کا اہتمام کیا ہے۔ یہ قابل تعریف ہے۔ مرحوم وحید انجم کی ادبی خدمات کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اردو دنیا میں ہمیشہ ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر شہر کی ممتاز ادبی شخصیتوں نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران شہر کی کئی ادبی شخصیات اور سماجی، ملی ،مذہبی اور مرحوم شاگرد اور اہل خانہ اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔