نئی دہلی: کانگریس نے ہفتہ کو اپنے لیڈر راہل گاندھی کا ایک ویڈیو شیئر کرکے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی زبردست برتری کے درمیان انہیں 'ناقابل تسخیر' شخص قرار دیا۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پر 50 سیکنڈ کا ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ مختلف طبقوں کے لوگ بھی ہیں جو ان کی 'بھارت جوڑو یاترا' کے دوران ان کے ساتھ شامل ہوئے تھے۔ ویڈیو میں سیا کے گانے 'انسٹاپ ایبل' کا بیک گراؤنڈ میوزک ہے۔ کانگریس نے راہل گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا۔"میں ناقابل تسخیر ہوں، مجھے پورا بھروسہ ہے، ہاں، میں آج ناقابل تسخیر ہوں،"
خیال رہے کہ پارٹی کے سابق صدر کی قیادت میں گزشتہ سال ستمبر میں تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہونے والی بھارت جوڑو یاترا کرناٹک سمیت کئی ریاستوں سے ہوتی ہوئی جنوری میں جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اختتام پذیر ہوئی تھی۔ کانگریس نے اس یاترا کو پارٹی کا سب سے فیصلہ کن عوامی رابطہ پروگرام قرار دیا تھا۔ دریں اثنا، کانگریس کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے ٹویٹ کیا "کرناٹک میں نتائج کے بعد اب یہ طے ہے کہ کانگریس جیت گئی ہے اور وزیر اعظم ہار گئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) نے اپنی انتخابی مہم کو ریفرنڈم بنا دیا تھا، جسے پوری طرح مسترد کر دیا گیا ہے۔"
یہ بھی پڑھیں:
وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا "وزیر اعظم نے 'تفرقہ' کا ٹیکہ لگایا اور 'پولرائز' کرنے کی کوشش کی۔ کرناٹک کا نتیجہ ایک ایسا انجن ہے جو معاشی ترقی کو سماجی ہم آہنگی کے ساتھ جوڑ دے گا۔" انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک کے انتخابات مقامی مسائل روزگار اور غذائی تحفظ، مہنگائی، کسانوں کی پریشانی، بجلی کی فراہمی، بے روزگاری اور بدعنوانی پر لڑا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوپہر 12 بجے تک کانگریس 224 اسمبلی سیٹوں میں سے 121 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے، جب کہ بی جے پی 72 اور جنتا دل (سیکولر) 24 سیٹوں پر آگے ہے۔ کرناٹک میں پارٹی کی جیت کا اشارہ ملنے کے بعد یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں پارٹی کارکنان کے باہر جمع ہونے کے بعد جشن منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
بی جے پی کو سبق ملا۔ کرناٹک کے نتائج کا اعادہ تلنگانہ میں ہوگا: مانک راؤ ٹھاکرے
حیدرآباد: کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی پر تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کرناٹک کے بعد کانگریس تلنگانہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت بنائے گی۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ، کرناٹک کی پڑوسی ریاست ہے جہاں پر پارٹی کی کامیابی کے لیے تمام کارکن کام کررہے ہیں۔ کرناٹک کے نتائج کا اعادہ تلنگانہ میں ہوگا۔ کرناٹک میں بی جے پی کو سبق ملا ہے۔ اس سبق کی شروعات کرناٹک سے ہوگئی ہے۔ 2024 کے انتخابات میں بھی کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ حیدرآباد میں پرینکا گاندھی کے جلسہ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جلسہ کے بعد ریاست بھر میں کانگریس کا ایک ماحول دیکھا گیا ہے۔ پارٹی کے تمام لیڈران متحد ہیں اور کارکن، پارٹی کے لیے کام میں مصروف ہیں۔ پارٹی کی جانب سے جگہ جگہ یاترائیں نکالی جارہی ہیں۔ یہ بہت اچھے اشارے ہیں اور کرناٹک کی کامیابی کے بعد یہ محسوس ہورہا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی۔
یو این آئی