اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور میں کسانوں کے کچلے جانے کے سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے آج شہر بنگلور میں درجنوں سماجی، سیاسی و کسان تنظیموں کی جانب سے متحدہ طور پر پُرزور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ 'لکھیم پور کا واقعہ حادثہ نہیں بلکہ ایک منظم سازش رہی جس کے تحت آندولن سے بوکھلائی ہوئی مودی حکومت کسانوں کی جانیں لے کر ان کے آندولن کو دبانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔'
مظاہرین نے کہا کہ 'بی جے پی حکومت کے دور اقتدار میں اب تک احتجاج کررہے کسانوں پر لاٹھیاں برسائی جارہی تھی لیکن اب کچل کر مارا بھی جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'حال ہی میں مظفر نگر میں کسانوں، ہندو و مسلم ایکتا کے مظاہرے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی بوکھلا گئی ہے، لہٰذا اب وہ ظلم و زیادتی پر اتر آئی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: لکھیم پور تشدد: متاثرین کے اہلِ خانہ کو معاوضہ اور سرکاری نوکری کا اعلان
بتادیں کہ گزشتہ روز ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں نائب وزیراعلیٰ کے خلاف احتجاج کرنے آئے کسانوں اور بی جے پی کارکنان کے درمیان جھڑپ ہوگئی جس میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ کئی کسان زخمی بتائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ کسانوں کی جانب سے گزشتہ تقریباً 11 مہینوں سے دارالحکومت دہلی کے اطراف بارڈرز پر مرکزی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔