ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں جنتادل سیکولر پارٹی کے ترجمان اور سینیئر رہنما اسدالدین نے ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنتادل سیکولر پارٹی کے قومی صدر دیوے گوڈا نے مرکز کی جانب سے بنائے گئے تین نئے قوانین کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی گئوکشی قانون کی بھی مخالفت کی ہے اور اس معاملے میں پارٹی تمام کسانوں کے ساتھ ہے۔
ریاستی قانون ساز کونسل میں گزشتہ روز ہوئے ہنگامہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حرکت سے کونسل کا وقار مجروح ہوا ہے۔
کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ کمار سوامی کے بی جے پی کو لے کر نرم رویے پر انہوں نے کہا کہ جنتادل سیکولر پارٹی کسی کے پاس نہیں جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنتادل سیکولر پارٹی نے کسی کے ساتھ مل کر بھی حکومت بنائی ہو مگر کبھی بھی بی جے پی پارٹی کو اپنی من مانی کرنے کی اجازت نہیں دیتی ہے۔
سینیئر کانگریس پارٹی کے رہنما سی ایم ابراہیم کی جنتادل سیکولر پارٹی میں شمولیت کے سوال پر اسدالدین نے کہا کہ وہ سینیئر رہنما ہیں، اگر وہ پارٹی میں آتے ہیں تو ان کا استقبال کیا جائے گا مگر یہ بات ابھی پوری طرح صاف نہیں ہوئی ہے، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔