ریاست کرناٹک میں ایک نو ماہ کی حاملہ نرس کورونا وائرس کے خلاف اپنی بےلوث جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ یدی یوراپا نے اس نرس کی ستائش کرتے ہوئے اسے زچگی رخصت پر جانے کا مشورہ دیا ہے۔
یدی یوراپا کے آبائی ضلع شیواموگا میں واقع جیاچماراجندرا ہاسپٹل میں روپا پروین راؤ کنٹراکٹ کی بنیاد پر نرس کی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ضلع میں کورونا کے بڑھتے واقعات کی وجہ سے وہ حاملہ نرس رخصت پر جانے سے اعتراض کر رہی ہیں جبکہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اسے زچگی رخصت حاصل کرنے کےلیے کہا تھا۔
وزیراعلیٰ نے روپا کو فون کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں آپ کی خدمات دیکھ کر حیران ہوں اور یہ جان کر خوش ہوئی کہ میرے ضلع کی ایک خاتون کورونا کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں‘۔
انہوں نے نرس سے مزید کہا کہ ’فی الوقت آپ آرام کریں اور ڈیلیوری کے بعد دوبارہ کام پر واپس آئیں۔
قبل ازیں محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے روپا سے رخصت پر جانے کی درخواست کی تھی تاہم اس نے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا تھا کہ ایسے ماحول میں جب ضلع میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہ رخصت پر نہیں جاسکتیں اور وہ اپنی ڈیوٹی انجام دیتی رہیں گی جس کے بعد اس معاملہ کو وزیراعلیٰ سے رجوع کیا گیا۔ یدی یوراپا نے نرس کو فون کرکے ان کی خدمات کی ستائش کی اور رخصت پر چلے جانے کی درخواست کی جسے روپا نے قبول کرلیا ہے۔