ریاست کرناٹک میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے جلوس کے انعقاد اور مساجد، عوامی مقامات پر میلاد کے پکوان و اجتماعی طعام کے اہتمام پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں کرناٹک کے ضلع یادگیر کے مسلم تنظیموں کے ذمہ داران نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے جشن عید میلاد النبیﷺ کے جلوس سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تنظیم تحفظ ختم نبوت شاخ یادگیر کے صدر برہان الدین اظہر نے کہا کہ ریاست میں جشن عید میلاد النبیﷺ عوامی سطح پر منانے کے لیے پابندی لگائی گئی ہے۔ اس لیے بہتر یہ ہے کہ ہم لوگ گھروں میں نعتیہ محفلوں کا انعقاد کریں۔ اپنے متعلقین میں بیمار لوگوں کی عیادت کریں اور زمینی و آسمانی بلاؤں سے محفوظ رکھنے کی دعا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلور: سماجی کارکن سردار قریشی کی یاد میں تعزیتی اجلاس
منصور احمد افغان صدر قدیم عید گاہ کمیٹی یادگیر نے شہریان یادگیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بتائے گئے احتیاطی اقدامات کے تحت جو گائیڈلائن آئی ہے اس پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ جلوس نکالنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم ہم تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہیں، خاص کر نوجوانوں سے کہ وہ مساجد میں نمازوں کا اہتمام کریں اور کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے دعا کریں۔
ذاکر احمد سوداگر ریاستی صدر کرناٹک مسلم یوتھ کمیٹی یادگیر نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیﷺ کے لیے جو گائیڈلائن دی گئی ہے، ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں اور ریاستی حکومت اور محکمہ اقلیتی بہبود کے وقف بورڈ سے گذارش کرتے ہیں کہ جشن میلاد النبیﷺ منانے کے لیے جو گائیڈلائن جاری کی گئی ہے اس میں ترمیم کریں۔ کورونا سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے جشن میلاد النبیﷺ منانے کی اجازت دی جائے۔