ریاست کرناٹک گلبرگہ میں عرس کے موقع پر صنعتی نمائش 'خواجہ بازار' کا افتتاح خسروحسینی سجادہ نشین درگاہ بندہ نواز کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
عرس پر عقیدت مندوں کا میلہ ہر سال لگتا ہے، اس میلے کو مزید استحکام بخشتا ہے یہاں کا مشہور قدیم 'خواجہ بازار' جس میں ملک بھر سے صناع و تاجر ہر سال یہاں اپنی دکانوں کو لگانے آتے ہیں۔
جس میں شیشے کے برتن، سرمہ، کرناٹکی اسپیشل مصالحہ، لکڑی کے بہترین سامان، کم قیمت اور بہترین کوالٹی میں آسانی سے زائرین کو مل جاتے ہیں۔
۔
سنیچر کے روز صنعتی نمائش 'خواجہ بازار' کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈی کشور بابو ضلع اے سی پی، فوزیہ ترنم کمیشنر سٹی کارپوریشن نے شرکت کی.
اس موقع پر خسروحسینی سجادہ نشین نے کہا: 'خواجہ بندہ نواز گیسودراز کے عرس شریف کے موقع پر ہرسال یہ صنعتی نمائش خواجہ بازار لگتا ہے.
اس خواجہ بازار میں ملک بھر سے تاجر آکر دوکان لگاتے ہیں.عرس کے ساتھ میلہ کا انعقاد قدیم روایت ہے.
1718 میں فرانسیسی سیاح ہیگ نے حضرت خواجہ بندہ نواز کے عرس کے میلہ کا تذکر ہ کیا ہے، اس نے حضرت خواجہ بندہ نواز کے عرس سے واپس ہورہے لوگوں کو بچوں کے جھولے برتن وغیرہ لاتے دیکھ کر ان سے اس بارے میں استفسار کیا تو لوگوں نے اسے بتایا کہ وہ جھولے اور برتن وغیرہ حضرت خواجہ بندہ نواز کے عرس سے خرید کرلارہے ہیں. ان کا عقیدہ ہے کہ ان جھولوں میں بچوں کو سلانے اور ان برتنوں میں کھانا کھانے سے برکت ہوتی ہے اور مختلف بیماریوں سے حفاظت ہوتی ہے۔
خسروحسینی نے مزید کہا کہ صنعتی نمائش خواجہ بازار میں ملک بھر سے صناع اور تاجر اسٹالز لگاتے ہیں. اس طرح صنعت وتجارت کو فروغ ملتاہے۔'
یہاں ملک بھر سے تاجر برسوں سے آتے رہے ہیں، جب ہمارے نمائندہ نے بات کی تو پتہ چلا کہ کچھ تاجر ایسے بھی ہیں جو تین نسلوں سے یہاں آرہے ہیں۔
مرادآباد، دہلی، جئے پور اور دیگر شہروں سے تاجر نادر و نایاب سامان کو یہاں لیکر آتے ہیں۔
عرس کے ساتھ ساتھ اس بازار کے تئییں بھی لوگوں میں تقدس برقرار ہے۔