محکمہ خواتین و اطفال بہبود کو چمرجانگر کے انڈیگانٹا گاؤں میں صبح پانچ بجے مقرر 15 سالہ لڑکی کی شادی کی اطلاع ملی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شادی کو روک دیا۔ محکمہ کے عہدیداروں نے لڑکی کے والدین کو بھارتی قانون سے آگاہ کیا کہ کم عمر میں شادی کرنا غیرقانونی ہے۔
اسی طرح اراکلاواڈی اور وائی کے مولے گاؤں میں بھی بالترتیب 16 اور 14 سالہ لڑکیوں کی شادی کو روک دیا گیا۔ محکمہ کے عہدیدار بعد میں اماچاوڑی اور شٹیہالی میں بھی بچوں کی شادیوں کو رکوانے میں کامیاب رہے۔
تاہم عہدیداروں نے ان بچیوں کے والدین کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کرائی جن کی شادیاں کی جارہی تھیں جبکہ عہدیداروں نے والدین کو قانون سے آگاہ کرایا ان میں شعور بیداری کی کوشش کی۔
یونیسیف کے مطابق بھارت میں ہر برس 18 سال سے کم عمر کی 15 لاکھ لڑکیوں کی شادیاں کی جاتی ہیں اور کم عمر دلہنوں کے معاملہ میں بھارت ساری دنیا میں سرفہرست ہے۔
اگرچہ کچھ سالوں سے بچوں کی شادی کے واقعات میں کمی آئی ہے لیکن اعدادوشمار کے مطابق ابھی تعداد بہت زیادہ ہے۔