بیدر :ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر کے جمعیت علمائے ہند کے صدر مفتی غلام یزدانی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یونیفارم سول کوڈ کو لے کر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس یکساں سول کوڈ کو ملک کی عوام کے لئے نقصاندہ قرار دیا۔
مفتی غلام یزدانی نے کہاکہ ان دنوں ہمارے ملک ہندوستان میں یونیفارم سول کوڈ یعنی یو سی سی کے انعقاد کے لیے مسلسل بحث جاری ہے۔ یونیفارم سول کوڈ سے متعلق مختلف احباب مختلف باتیں بتا رہے ہیں۔ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں کافی بے چینی پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یونیفارم سول کوڈ سے متعلق لا کمیشن اف انڈیا نے عوام سے رائے طلب کی ہے اپنی رائے لا کمیشن کو درج کرانے کے لیے خصوصا مسلمانوں کی تنظیمیں جن میں مسلم پرسنل لا بورڈ جماعت اسلامی ہند کے علاوہ دیگر کئی تنظیمیں اور عوام سے 14 جولائی سے پہلے اپنی رائے درج کرانے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Karnataka Politics کرناٹک کی تاریخ میں پہلی بار اسمبلی بغیر اپوزیشن کے چل رہی ہے
مفتی غلام یزدانی نے کہا کہ یونیفارم سول کوڈ ہندوستانی کلچر تہذیب کے خلاف ہے کیونکہ ملک میں مختلف مذاہب اور زبان بولنے والے، مختلف کلچر اور تہذیب و تمدن پر عمل کرنے والے موجود ہیں یہ مختلف مذاہب کو ماننے والے اور مختلف زبان بولنے والے اور مختلف کلچر پر عمل کرنے والے ہی ہندوستان کی شناخت ہے ۔یہ کس طرح ممکن ہے کہ مختلف مذاہب کو ماننے والے اپنے اپنے مذہب ،روایت اور ثقافت کو چھوڑ کر ایک رنگ اور ایک کلچر میں مل جائیں۔