ضلع یاد گیر کے کانگریس سیکریٹری باشاہ میاں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راگا پریا 17 اپریل کو وڈگرہ تعلقہ میں قیام کر نے والی ہیں۔ جہاں وہ وڈگرہ تعلقہ کے اطراف اکناف دیہاتوں کے لوگوں سے ان کی شکایت اور مسائل سنیں گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو ایک یاد داشت پیش کی جائے گی جس میں نئے تعلقہ کے مختلف مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وڈگرہ کو تعلقہ سطح کا درجہ حاصل ہوئے چار سال کا عرصہ ہوا مگر ابھی تک یہاں پر تعلقہ سطح کا کوئی دفتر نہیں بنا ہے۔ اس کی وجہ سے آج بھی لوگوں کو اپنے دفتری کام کے سلسلے میں شاہ پور تعلقہ جانا پڑ رہا ہے۔ چار ایکڑ پر نیا پولیس اسٹیشن کا قیام عمل میں آیا ہے مگر پرانا پولیس اسٹیشن جو ایک ایکڑ پر مشتمل ہے اس جگہ کو آج بھی اسی طرح خالی رکھا گیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس جگہ پر کوئی عوامی دفتر قائم کیا جائے۔
وڈگرہ تعلقہ کے کسان مختلف مسائل کو لے کر کافی پریشان ہیں ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔ تعلقہ سطح کے تمام سرکاری آفس کو ایک جگہ بنانے کے لیے منی ودھان سبھا کا سنگ بنیاد رکھا جائے۔ منی ودھان سبھا کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے مگر ابھی تک اس کا سنگ بنیاد نہیں رکھا گیا ہے۔