ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں جمیعت علماء کرناٹک کی جانب سے ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ریاست بھر سے جمیعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک و ریاست کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ جمیعت کی کارگزاری کو عملی میدان میں مزید بڑھانے و مستحکم کرنے پر غور و خوض کیا گیا۔
اس اجلاس میں جمعیت العلماء کی اندرونی انتخابی میقات کو 2 سال سے بڑھا کر 3 سال کر دیا گیا۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مولانا مفتی افتخار قاسمی نے بتایا کہ 'ملک کی نہ صرف اقتصادی حالت کے لیے بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے بلکہ مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل میں بھی مرکزی حکومت کے غلط پالیسیوں کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: بھوپال: عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر جمیعت علماء کی پہل
ملک و صوبہ کرناٹک کے مختلف علاقوں میں اقلیتوں پر تشدد و مظالم کی واردات کی خبریں عام ہیں جس کی وجہ سے کمزور طبقات خوف کے ماحول میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
مولانا افتخار قاسمی نے بتایا کہ 'انہیں حالات کو بہتر بنانے کے لیے جمعیت العلماء کرناٹک صوبہ بھر میں کام کرے گی اور امن و یکجہتی کے لیے کام کرے گی۔