بیدر : ریاست کرنا ٹک کے ضلع بیدر میں واقع آستانہ حضرت خواجہ ابوالفیض کے جانشین مولانا حافظ سید معین الدین حسینی نے کہا کہ اللہ کے رسول حضرت محمد صلى الله عليه وسلم نے فرمایا کہ جو مجھ سے محبت کرتا ہے، وہ اہل بیت سے محبت کرے۔ سید شاہ معین الدین حسینی نے مزید کہا کہ کربلا کا پیغام حق کا پیغام ہے، اسلام کا پیغام ہے۔ کربلا کے میدان میں جو جنگ ہوئی وہ اسلام اور کفر کی جنگ نہیں تھی، بلکہ وہ جنگ حق اور باطل کے درمیان تھی۔ یزید یہ بتانا چاہ رہا تھا کہ طاقت ہی سب کچھ ہے، طاقت ہی حق ہے لیکن حضرت امام حسین نے یہ بتایا کہ طاقت کچھ نہیں حق ہی سب کچھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین نے اپنے اہل و عیال اور اپنی جان تک کو قربان کر کے یہ پیغام دیا کہ حق کے سامنے اور حق کے لیے اپنی جان کی قربانی دینا اسلام کا تقاضا رہا ہے۔ میدان کربلا میں حضرت امام حسین نے حق کے پرچم کو بلند کرنے کے لیے اپنی جان کی قربانی دی لیکن کبھی باطل کے آگے سر نہیں جھکایا۔
یہ بھی پڑھیں: Urs Qadeer in Bidar بیدر میں تقاریب عرس قدیر کا تیس جولائی سے آغاز
سید معین الدین حسینی نے ملت اسلامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حق کے خاطر اسلام کی سربلندی کی خاطر اپنے آپ کو کوشاں رکھیں، ہمیشہ سرگرم رکھیں حضرت امام حسین نے جن کاموں کو پسند کیا وہ کام کریں اور جو کام یزید کرتا تھا، ان کاموں سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔ حضرت امام حسین سے سچی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ حق پر ڈٹے رہیں۔ یہی امام حسین سے سچی محبت کی نشانی ہے۔