تاریخی مساجد میں اکثر بنیادی سہولیات کی کمی دیکھی جاتی ہے، کیوں کہ وہ وقف بورڈ میں شامل ہوتی ہے، ایسی مساجد پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے تعلقہ شاہ پور کی چار تاریخی مساجد، مسجد ابراہیم، مسجد زینب، مسجد آثار شریف اور مسجد مولوی، تقریبا دو سو سال سے زائد پرانی ہیں۔
ان چار مساجد میں اس وقت پنج وقتہ نمازیں باجماعت ادا کی جا رہی ہیں لیکن مصلیان کے لیے ان میں کسی طرح کی کوئی سہولیات نہیں ہیں جو آج کل کی عالیشان مساجد میں موجود ہیں جیسے سنگ مرمر کے صاف و شفاف فرش، وضوخانے میں گرم و ٹھنڈا پانی، طہارت خانے، کولر، ٹھنڈے پانی کے لیے فرج یا دیگر چیزیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان تاریخی مساجد کو بھی جدید سہولیات سے مزین کیا جائے۔
مسجد ابراہیم کے ذمہ دار محمد خواجہ حسن نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہ پور شہر میں چار ایسی مساجد آباد ہیں جو تاریخی حیثیت رکھتی ہیں اور ان تمام مساجد کا تعلق ابراہیم عادل شاہ کے دور سے ہیں۔
ہمارے باپ دادا مسجد ابراہیم کی امامت کیا کرتے تھے۔ 3 کمان والی مسجد کی دونوں جانب کی جگہ خرید کر اس مسجد کی توسیع کی گئی ہے۔
یہ مسجد مین سڑک پر اور بیچ بازار میں واقع ہے جس کی وجہ سے خاص کر دکانداروں، مسافروں کے لیے یہ کافی سہولت بخش عبادت کی جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد ابراہیم میں ٹھنڈے پانی کی سہولت نہیں ہے۔ وقف بورڈ اور اہل ثروت احباب سے اس جانب توجہ کی اپیل کی ہے۔
سید شاہ کا قادر شاہ قادری امام مسجد ابراہیم نے بتایا کہ شہر کی تاریخی مساجد مسجد ابراہیم، مسجد زینب، مسجد آثار شریف، مسجد مولوی یہ چار مساجد کی تاریخ دو سو سال سے بھی زیادہ ہے بادشاہ ابراہیم عادل شاہ کے دور کی مساجد ہیں۔
آثار شریف مسجد کے رکن عبدالقدیر نے بتایا کہ مسجد میں نصب پتھر سے پتا چلتا ہے کہ 1213 ہجری میں یہ مسجد بنائی گئی ہے اس مسجد کی اہمیت اس لیے بھی خاص ہے کہ یہاں حضور اکرم صلی اللہ علیہ کا موئے مبارک ہے۔
جو ہر سال ماہ ربیع الاول میں لوگوں کے دیدار کے لیے کھولا جاتا ہے مسجد آثار شریف کا مین گیٹ 1226 میں تعمیر کیا گیا ہے اس طرح یہ مسجد دو سو سال سے بھی زائد پرانی مسجد ہے۔
مسجد مولوی کے رکن قربان علی اشرفی نے بتایا کہ مولوی مسجد سید شاہ قادر باشاہ رحمۃ اللہ علیہ نے تعمیر کروائی ہے اسی مسجد کے احاطے میں حضرت سید شاہ محمد قادری شاہ رحمۃ اللہ علیہ کا مزار مبارک بھی موجود ہے جہاں پر سال ماہ محرم میں سالانہ عرس مبارک منایا جاتا ہے۔