کرناٹک: ریاست کرناٹک کے بیدر میں خدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید منصور احمد قادری نے ای ٹی وی بھارت سے یوم انضمام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یوم انضمام کے نام پر ریاستی حکومت مسلمانوں کے زخموں کو کریدنے کا کام کر رہی ہے۔ 75 سال قبل ہوئے مسلمانوں کے قتل عام کی دن بی جے پی حکومت ہر سال پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے۔ بی جے پی مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھیل رہی ہے۔Mansoor Ahmad Qadri Slams BJP Government
وہیں منصور احمد قادری نے تلنگانہ کے وزیراعلی چندر شیکھر راو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے گنگا جمنا تہذیب کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن تلخ یادوں کو مسلمان بھلانا چاہتے ہیں، ہر سال بی جے پی حکومت انہیں یاد دلاکر مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہے۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس کہنے والی حکومت کو چاہیے کہ سب کے جذبات کا احترام کرے۔
یہ بھی پڑھیں: Gutha Sukender Reddy Critisizes Governor یوم انضمام کے سلسلے میں گورنر تلنگانہ کے ریمارکس نامناسب
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندرریڈی نے کہا تھا کہ 17ستمبر کو مرکزی حکومت کی جانب سے پریڈ گراونڈس سکندرآباد میں تقاریب کا اہتمام مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی حکومت نے وفاقی نظام کو درہم برہم کردیا ہے۔ مرکزی حکومت ریاستوں کے حقوق چھین رہی ہے اور ان کے لئے مسائل پیدا کررہی ہے۔ یاد رہے کہ 17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد ریاست، ہند یونین میں ضم ہوئی تھی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے 17 ستمبر کو سرکاری تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔