ریاست کرناٹک کے بنگلورو شہر کے غیر مسلم اکثریتی علاقہ متیکیرے میں واقع مسجد طٰحہٰ کا نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر اشوتھ نارائن نے دورہ کیا اور مسجد کے احاطے میں طلباء کو کنڑ زبان کی تربیت دینے والے قدم کو سراہا۔
اس موقع پر سماجی تنظیم اکھیلہ کرناٹک محمدیئرہ ویدیکے کے عہدے داران نے ڈاکٹر اشوتھ نارائن کو ایک میمورنڈم پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ کووڈ کے دوران حکومت نے طلباء کی اسکالرشپ اور متعدد اسکیمز کو بند کردیا ہے، اس لیے انہیں دوبارہ سے شروع کیا جائے اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مالی سال 2021 ۔22 کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔
میمورینڈم پیش کیے جانے کے ساتھ اکھیلہ کرناٹک محمدیئرہ ویدیکے کے صدر سمیع اللہ خان نے نائب وزیر اعلی سے گزارش کی کہ ریاست کی مساجد و مدارس میں مقامی زبان کنڑ کو سکھانے کا نظم بنانے کے سلسلے میں حکومت ایک خصوصی گرانٹ جاری کرے۔
کرناٹک میں محکمہ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں بھاری کٹوتی کئے جانے کے تعلق سے نائب وزیراعلی ڈاکٹر اشوتھ نارائن نے کہا کہ وہ اس تعلق سے کوشش کرینگے کہ اس بجٹ میں اضافہ کیا جائے تاکہ اقلیتی طبقات کے مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں دشواریاں نہ ہوں۔