کرناٹک ریاستی وزیر برائے مویشی پروری و یادگیر ضلع کے نگراں وزیر پربھو چوہان نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ ساون کے مہینہ کے تہواروں کو گھروں میں ہی منائیں۔
انہوں نے کہا کہ 'شراون کا مہینہ تہواروں کا مہینہ ہے لوگوں کو چاہیے کہ اس مہینے کے سبھی تہوار گھروں پر ہی منائیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'لوگوں کی اکثریت نے مطالبہ کیا تھا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کی جائے تاکہ کورونا انفیکشن کو پھیلنے سے روکا جائے۔'
انہوں نے کہا کہ 'لاک ڈاؤن ہٹائے جانے کے بعد لوگوں کی اہم ذمہ داری ہوگی کہ وہ رضاکارانہ طور پر ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے پر سختی سے عمل کریں کیوں کہ انفکشن سے محفوظ رہنے کے لئے یہ بے حد ضروری ہے۔'
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ 'لوگ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے پر عمل آوری کو لازمی بنائیں اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ معمر لوگوں اور بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے اور گھروں پر رہنے کو ترجیح دی جائے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'ریاستی حکومت لاک ڈاؤن میں توسیع نہ کئے جانے کے بعد بھی کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے مزید موثر اقدامات ریاست بھر میں کر رہی ہے۔'
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس پر قابو پانے میں حکومت کو اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔