کرناٹک کے مانڈیا سے رکن پارلیمنٹ سوما لتا امریش کا کوویڈ ٹسٹ مثبت پایا گیا، جس کے بعد انہیں گھر پر کورنٹائن کردیا گیا۔ بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے ٹسٹ کروایا تھا جو مثبت پایا گیا۔ انہوں نے گذشتہ کچھ دنوں میں ان سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست پیش کی ہے۔ سوما لتا سے ملاقات کرنے والے عہدیدار اور دیگر افراد نے خود کو کورنٹائن کرلیا ہے۔
اسی طرح کرناٹک کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کا بھی کورونا ٹسٹ پازیٹیو آیا ہے جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ کونیگل حلقہ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر ایچ ڈی رنگاناتھ فی الوقت ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ریاستی کانگریس کے صدر ایشور کھنڈرے نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ان کی رنگاناتھ سے فون پر بات ہوئی ہے جبکہ ان کی آواز میں اعتماد دیکھا گیا اور مجھے امید ہے کہ وہ کورونا جنگ میں فتح یاب ہوں گے‘۔
ایک اور اطلاع کے مطابق بی جے پی کے ایم ایل سی ایم کے پرنیش کا کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں ہسپتال میں شریک کرلیا گیا۔ پرنیش نےٹوئٹ میں بتایا کہ ’میرا اور اہلیہ کا کورونا ٹسٹ مثبت پایا گیا جبکہ ہم لوگ زیرعلاج ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایم ایل سی سے ربط میں آنے والے افراد کی شناخت کی جارہی ہے اور انہیں گھروں پرکورنٹائن کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں کانگریس کے سینئر رہنما و سابق مرکزی وزیر بی جناردھن پجاری بھی مہلک مرض کورونا سے متاثر پائے گئے اور منگلورو سٹی ناتھ کے بی جے پی ایم ایلاے بھارت شیٹی کا بھی کورونا ٹسٹ مثبت پایا گیا تھا۔ یہ دونوں رہنما زیرعلاج ہیں۔