بنگلور: کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے متنازع بیانات سامنے آرہے ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی بسانا گوڑا پاٹل یتنال نے بیلگاوی کے شاہ پور میں چھترپتی شیواجی مہاراج ادیان کے قریب شیو چرتر پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس دوران خطاب کرتےہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی بسانا گوڑا پاٹل یتنال نے کہا کہ جس طرح سے ریاست آسام میں وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما نے مدارس کو بند کیا ہے اسی طرح اگر ہم بھی دوبارہ اقتدار میں آئے تو کرناٹک کے مدارس بند کروا دیں گے۔
بی جے پی رہنما نے کہا کہ جس طرح سے آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما نے مدارس کے خلاف کارروائی کی ہے اسی طرز پر ہم کرناٹک میں بھی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے رہنے کے لیے بہت سارے ممالک ہیں لیکن ہندوؤں کے پاس صرف ہندوستان ہے اور ملک گزشتہ آٹھ سالوں سے محفوظ ہے وزیر اعظم اچھی حکومت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وجے پور میں کئی سڑکوں کے نام تبدیل کیے گئے ہیں تبدیلی کے بعد مجاہدین آزادی کے نام بدل دیئے گئے۔ ایک ہندو ملک تب ہی ٹک سکتا ہے جب ہم سب ہندو رہیں ورنہ اردو سیکھنی پڑے گی۔ انہوں نے ہندوؤں سے متحد رہنے کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں : Madrasas in Assam آسام میں تمام مدارس کو بند کردیا جائیگا، ہمانتا بسوا سرما
Karnataka Hijab Row کرناٹک وزیر تعلیم کے بیان پر حزب اختلاف رہنماؤں کا ردعمل
واضح رہے کہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما جو کہ ان دنوں کرناٹک کے دورہ پر ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ آسام کے تمام مداسر کو بند کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کیونکہ نئے ہندوستان میں ان کی ضرورت نہیں ہے۔ جمعرات کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہمانتا سرما نے کہا تھا کہ آسام کو اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی ضرورت ہے جو ریاست اور ملک کی خدمت کے لیے ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر پیشہ ور افراد بناتے ہیں نہ کہ مدارس کی ضرورت ہے۔