بیدر: ملک کے اعلی سویلین ایوارڈ پدم شری کے لیے نامزد ناموں میں اس سال بیدری فن آرٹ کے معروف کاریگر شاہ رشید احمد قادری کا نام بھی شامل ہے۔ کرناٹک کے ضلع بیدر کے شاہ رشید احمد قادری عالمی شہرت یافتہ فن بیدری آرٹ کے ایک نامور کاریگر ہیں، جنہیں رواں سال حکومت ہند کی جانب سے پدم شری ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شاہ رشید احمد قادری نے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے ہنر سے متعلق بتایا کہ وہ بچپن سے یہ کام کرتے آرہے ہیں ان کے والد بھی یہ کام کیا کرتے تھے اور اب ان کے بچے بھی یہ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیدری آرٹ کے لیے انہیں کئی انعامات سے نوازا گیا ہے اور اپنے اس فن کو پیش کرنے کا موقع مجھے بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ملا ہے جیسے اٹلی 1993، سنگاپور 1988، یو ایس اے 1987، عمان 1990، بحرین 2009، اسپین 2006، ہالینڈ 2004، چین 2018، سوئزرلینڈ 2015، شکاگو 2011 اور سنگاپور 2011 شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Padmashri Award بیدر کے شاہ رشید احمد قادری کو پدم شری ایوارڈ
اس کے علاوہ انہیں شلپ گرو ایوارڈ، کرناٹک اسٹیٹ ایوارڈ، کلانڈی ایوارڈ، مسکت فیسٹیول ایوارڈ، کرناٹک راجیہ اتسو ایوارڈ، گریٹ انڈین اچھیور ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ رشید احمد قادری نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں یہ عالمی شہرت یافتہ فن میں زوال پذیر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بیدری آرٹ سے متعلق آگے آئیں۔ رشید احمد قادری نے ریاستی و مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پدم شری ایوارڈ کے لئے منتخب کیے جانے کی اطلاع پاکر کافی مسرت ہوئی۔ واضح رہے کہ رشید احمد قادری کو پدم شری ایوارڈ ملنے کے اعلان کے ساتھ ہی کئی سیاسی غیر سیاسی و دیگر تنظیموں کے ذمہ داران انہیں تہنیت پیش کی اور ہزاروں احباب ان کو مبارکباد دینے کے لئے ان کے گھر پر آ رہے ہیں۔ بیدر ضلع کی تاریخ میں پہلی بار کسی شخص کو پدم شری ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔