ریاست کرناٹک کے گلبرگہ سے تعلق رکھنے والے 76 سالہ محمد حسین صدیقی کورونا وائرس سے متاثر تھے، کا کل انتقال ہوگیا۔ وہ کچھ دن قبل ہی سعودی عرب سے بھارت لوٹے تھے۔
اطلاعات کے مطابق محمد حسین صدیقی پھیپھڑے کے انفیکشن میں مبتلا تھے اور انہیں سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی۔ انہیں حیدرآباد کے گاندھی ہسپتال سے رجوع ہونے کی ترغیب دی گئی تھی لیکن انہیں خانگی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
وزارت صحت کے مطابق 29 جنوری تا 29 فروری سعودی عرب کا دورہ کرنے کے بعد محمد حسین حیدرآباد پہنچے اور کرناٹک کے گلبرگہ کےلیے روانہ ہوئے۔ 6 مارچ کو ان میں بخار اور کھانسی کی علامات ظاہر ہوئیں جبکہ 9 مارچ کو یہ علامتیں سنگین ہوگئیں۔ انہیں گلبرگہ کے ایک خانگی ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ان کے نمونوں کی جانچ کی گئی۔
جانچ رپورٹ کا انتظار کئے بغیر محمد حسین کو حیدرآباد کے ایک خانگی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ جانچ رپورٹ میں انہیں کورونا وائر سے متاثر پایا گیا اور منگل کو ان کا انتقال ہوگیا جبکہ انہیں گلبرگہ کے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس لے جایا جارہا تھا۔
ریاستی عہدیداروں نے بتایا کہ محمد حسین کی تدفین کے دوران تمام احتیاطی طریقے اپنائے جارہے ہیں۔ میت سے انفیکشن کو ختم کیا گیا اور حکومت ہند کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق تدفین عمل میں آئی اور اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کو بھی مطلع کردیا کیونکہ مریض کا علاج حیدرآباد میں بھی کیا گیا تھا۔