یادگیر: ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر میں صبح کی اولین ساعتوں میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثے میں بچوں سمیت پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اتنا ہی نہیں اس حادثے میں 13 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پانچ افراد جن میں منیر (40)، نعمت (40)، رمیزہ بیگم (50)، مدت شیر (12) اور سمی (13) شامل ہیں۔ وہ آندھرا پردیش کے ضلع ننڈیالا کے ویلاگوڈو گاؤں کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ وہ کلبروگی میں ہونے والے درگاہ عرس میلے میں جا رہے تھے، اس دوران ان کی کار ایک کھڑی لاری سے ٹکرا گئی۔ مقامی لوگوں نے اس حادثہ کی اطلاع فورا پولیس کو دی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
مزید پڑھیں:۔ Pratapgarh Road Accident پرتاپ گڑھ میں کار کی ٹکر سے بائک سوار ٹیچر سمیت دو افراد کی موت
بتایا جاتا ہے کہ گاڑی میں تقریباً 18 افراد سوار تھے اور پانچ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ باقی 13 افراد زخمی ہیں اور انہیں یادگیری ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے سلسلے میں سیدا پور پولس تھانے میں کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے کیس درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں سڑک حادثات کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ان واقعات میں عوام اور متصل محکمہ کی غیر ذمہ داری اور لاپرواہی کو بھی قصوروار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ ابھی حال ہی میں ریاست اڈیشہ میں بھی ایک بھیانک ٹرین حادثہ پیش آیا جس میں 275 افراد ہلاک جبکہ 1000 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔