گلبرگہ کے کمشنر آفس کے روبرو ویلفیر پارٹی آف انڈیا کی جانب سے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر مرکزی و ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
اس موقع ڈبلیو پی آئی گلبرگہ کے صدر سلیم احمد چیتاپوری نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوتا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی دوبھر ہوگئی ہے۔
ڈبلیو پی آئی گلبرگہ کے صدر نے کہا کہ ’ملک میں کورونا وبا و لاک ڈاون کی وجہ سے بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے حالات میں پٹرول، ڈیزل و گیاس کی قیمتوں میں اضافہ نے عام آدمی کی کمر توڑدی ہے۔ اس موقع پر قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کا مطالبہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں یادداشت بھی پیش کی گئی۔