اس موقع پر امن ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے صدر محمد امان اللہ خان نے کہا کہ مدارس دین کے مضبوط قلعے ہیں۔ مدارس کی ترقی کے لئے کام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آج کی نوجوان نسل اسلامی تعلیمات سے دور ہوتی جار ہی ہے۔ آج کے دور میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔ دینی تعلیم کے لئے مدارس کا قائم ہونا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلبرگہ امن ایجوکیشن چیریٹیبل ٹرسٹ نوجوان لڑکیوں اور خواتین کے لئے دینی تعلیم کے حصول کے لئے مدرسہ صابرہ للبنات پچھلے ایک سال سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ جس میں کئی نوجوان لڑکیاں بحیثیت طالبات دینی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ جنھیں ہر طرح کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ تاکہ ہمارے معاشرہ کی تمام خواتین دینی تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے گھر کے ماحول کو مذہبی ماحول بناسکیں۔
صدر محمد امان اللہ خان نے مزید کہا کہ خاندانوں اور گھریلو ماحول کو دیندار بنانے کے مقصد سے اس ادارے کو قائم کیا گیا ہے۔ خواتین میں دین کا شعور ضروری ہے، اگر گھر میں دین آئے گا تو اس سے نسلوں میں اصلاح آئے گا اور اسلامی شعور پیدا ہوگا۔ اس موقع پر عوام سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ اپنے بچوں کو مدارس میں داخل کریں اور دوسروں کو بھی اس کے لئے راضی کریں تاکہ اسلامی ماحول پیدا ہو۔