محنت، جستجو اور سچی لگن ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ اس بات کو رائچور شہر کی سوِل انجینئرنگ کی طالبہ بُشریٰ متین نے سچ ثابت کر دکھایا ہے۔ رائچور شہر کے ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ میں سوِل انجینئرنگ کی طالبہ بُشریٰ متین نے بیلگام وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں گورنر آف کرناٹک گھیلوٹ چند کے ہاتھوں 16 گولڈ میڈل حاصل کر کے یونیورسٹی کی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں اپنا نام درج کروالیا۔ بُشریٰ متین 16 گولڈ میڈل حاصل کرنے والی یونیورسٹی کی پہلی طالبہ بن گئی ہیں۔
بُشریٰ کی کامیابی پر گلبرگہ شہر میں نیا سویرا سنگٹھن تنظیم کی جانب سے ان کے اعزاز میں تہنیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شہر کی سماجی اور ملی تنظیموں کی جانب بُشریٰ متین کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر بُشریٰ متین نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ان کے والد ایک انجینیئر ہیں اس لیے انہیں بھی انجینیئرنگ میں دلچسپی تھی اور انہیں سول انجینیئرنگ ڈگری کرنا پسند تھا۔ بُشریٰ نے کہا کہ سول انجینیئرنگ لڑکیوں کے لیے مشکل ہے لیکن محنت، جستجو اور لگن ہو تو ہر مشکل راہ آسان ہوسکتی ہے۔ اس لیے لڑکیوں کو کسی بھی میدان میں اپنے آپ کو کمتر نہیں سمجھنا چاہیے، بُشریٰ متین نے مستقبل میں آئی اے ایس بننے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ Bushra Mateen Won 16 Gold Medals