ریاست کرناٹک کے ضلع کوداگو میں ایک جنگلی ہاتھی کھائی میں گر گیا تھا جس کو محکمہ جنگلات نے بحفاظت باہر نکالا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہاتھی کافی کے پودوں کو کھانے کے لئے آیا، اس دوران ہاتھی کھائی میں گر گیا۔
محکمہ جنگلات نے بتایا کہ ویراجا پیٹ تعلقہ کے ایوارا گونڈا جنگل کے کھائی میں ہاتھی گر گیا، جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس وقت کافی کاشتکار موقع پر موجود تھا جس نے محکمہ جنگلات کو اس حادثے کی اطلاع دی۔
بعد ازاں محکمہ جنگلات کا عملہ موقع پر پہنچا جس نے پہلے درختوں کی شاخوں سے ہاتھی کو باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے، جس کے بعد مذکورہ عملہ نے جے سی بی کی مدد سے ہاتھی کو باہر نکالا۔
ریسکیو آپریشن کے بعد ہاتھی نے جے سی بی پر حملہ کرنے کی کوشش بھی لیکن مذکورہ محکمہ کے عملہ نے اس کو جنگل کی طرف بھاگنے پر مجبور کر دیا، ہاتھی نے جنگل کی جانب تیزی سے دوڑ لگا دی اور نظروں سے اوجھل ہوگیا۔