ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے سینیئر نثرنگار اقبال راہی نے کہا کہ 'ریاست کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا اپنی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد بھی کرناٹک اردو اکیڈمی کی تشکیل کو لے کر عدم دلچسپی لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'ریاست میں دیگر اکیڈمیوں کی تشکیل عمل میں آئی ہے لیکن اردو اکیڈمی کی تشکیل ابھی تک عمل میں نہیں آئی ہے۔
نو جوان شاعر عرفان ریچوری نے کہا کہ 'لوگ کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ بی ایس یدی یورپا ایک امن پسند اور انصاف پسند انسان ہے لیکن ان کے وزیراعلیٰ بننے کے اتنے دن بعد بھی اردو اکیڈمی کی تشکیل عمل میں نہیں لائی گئی'۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر اردو اکیڈمی وقت پر تشکیل دی جاتی تو کنڈا اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ کی طرح لاک ڈاؤن میں پریشان حال شاعروں اور ادیبوں کو مالی امداد مل سکتی تھی لیکن افسوس کہ اکیڈمی کی تشکیل ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یادگیر میں اردو صحافیوں کو تہنیت
اردو کے صحافی کلیم فریدی نے کہا کہ 'ریاستی حکومت اردو اکیڈمی کی تشکیل کو لے کر سوتیلا سلوک کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'مسلم اراکین اسمبلی کو چاہیے کہ وہ وزیر اعلی سے اردو اکیڈمی کی تشکیل کے لیے بھرپور نمائندگی کریں۔