سومشیکھر ریڈی نے اپنے متنازعہ بیان میں شہریت قانون کی مخالفت کرنے والوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا کہ ’ہم 80 فیصد اکثریت ہیں اور تم صرف 17 فیصد اقلیت ہو، اگر ہم تمھارے خلاف سڑکوں پر اتر آئیں تو تمہارا حال کیا ہوسکتا ہے‘۔
بی جے پی کے رکن اسمبلی کی جانب سے کی گئی زہر افشانی کے رد عمل میں بنگلور شہر کے سماجی کارکنوں نے کہا کہ متنازعہ شہریت قانون کے خلاف سارا ملک متحد ہوچکا ہے اور سومشیکھر جیسے فرقہ پرستوں کے بیانات و دھمکیوں سے جاری احتجاج میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
سومشیکھر ریڈی نے مبینہ طور پر مسلمانوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر ملک میں رہنا ہے تو ہم جیسا چاہتے ہیں ویسا سنو اور سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج کرنا بند کردو‘۔ انہوں نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ ’ہماری بات نہ ماننے والے مسلمان، پاکستان چلے جائیں، ورنہ ہمیں معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہیں‘۔
واضح رہے کہ سومشیکھر ریڈی جو بلاری سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ ان کے خلاف غیرقانونی کانکنی کے کئی کیسس درج ہیں۔