بنگلورو: ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں آج شام کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں کانگریس پارٹی کا وزیر اعلیٰ کون ہوگا، اس سوال کا جواب مل جائے گا۔ کانگریس پارٹی کی میٹنگ بنگلورو کے ایک نجی ہوٹل میں ریاستی اور قومی کانگریس کے رہنماؤں کی موجودگی میں آج شام 6 بجے ہوگی۔ تمام 135 نو منتخب اراکین اسمبلی اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ قائد حزب اختلاف سدارامیا، کے پی سی سی کے صدر ڈی کے شیوکمار، اے آئی سی سی کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے، کانگریس کمپین کمیٹی کے صدر ایم بی پاٹل، مینوفیسٹیو کمیٹی کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور، سینئر اراکین اسمبلی آر وی دیشپانڈے، ایچ کے پاٹل، کے پی سی سی کے سابق صدر دنیش گنڈو راؤ، سینئر لنگایت لیڈر شامنور شیواشنکراپا و دیگر کے نام وزیر اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ یہ تقریباً طے ہے کہ سدارامیا اور ڈی کے شیوکمار میں سے ہی کوئی وزیر اعلیٰ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سدارامیا پہلے دو سال تک وزیر اعلیٰ کے عہدے فائز رہیں گے۔ کے پی سی سی کے صدر ڈی کے شیوکمار اگلے تین سال تک وزیر اعلیٰ کے طور پر کام کریں گے۔ اطلاعات ہیں کہ 2028 کے اسمبلی انتخابات ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں ہوں گے۔ لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں منتخب ہونے والے نئے وزیر اعلیٰ کل کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب کے بعد کابینہ تشکیل دی جائے گی۔ ووٹنگ سے پہلے خطاب کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا تھا کہ ریاست میں کانگریس برسراقتدار آئے گی۔ پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے 15 مئی کو اعلان کریں گے کہ حکومت کس کی لیڈر شپ میں چلے گی۔
کانگریس نے انتخابات سے قبل کئی بڑے وعدے کیے تھے اور اعلان کیا تھا کہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی کئی وعدے پورے کیے جائیں گے جس کے بعد انہیں عوام کی کافی حمایت حاصل ہوئی۔ وہیں لوگ اب چاہ رہے ہیں کہ ریاست میں جلد از جلد کانگریس حکومت تشکیل دے۔ کابینہ کی تشکیل کے بعد کابینہ کا پہلا اجلاس بھی ہونا ہے جس سے عوام کو کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ اگر آج شام ہونے والی میٹنگ میں ریاستی قائدین اور ہائی کمان لیڈروں کے درمیان بات چیت کامیاب رہی تو نئے وزیر اعلی کل ہی حلف لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Karnataka Election Results کرناٹک میں نو مسلم امیدواروں کی شاندار کامیابی