کرناٹک کے ضلع یادگیر میں کل ہند مجلس اتحادالمسلمین شاخ یادگیر کے صدر ذاکر احمد سوداگر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'وشوا ہندو پریشد کی سابق صدر پروین توگڑیا نے دارالعلوم دیوبند، جمیعت علمائے ہند اور تبلیغی جماعت کو لے کر جو غیرذمہ دارانہ بیان دیا ہے، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'اس طرح کے بیانات سے ملک کی امن کی فضا خراب ہوتی ہے۔ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے ملک میں قومی یکجہتی کو نقصان ہوتا ہے'۔ صدر مجلس نے مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان دینے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔ ذاکر احمد سوداگر نے مزید کہا کہ دارالعلوم دیوبند، تبلیغی جماعت اور جمعیت علمائے ہند پر پروین توگاڑیہ کے بیان آنے کے بعد بھی علمائے کرام کا خاموش رہنا معنی خیز ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
یادگیر: زرعی قوانین اور مہنگائی پر مرکزی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج
ذاکر احمد سوداگر نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند سے ہزاروں علمائے کرام نے تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملک میں اپنی دینی خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہی علمائے کرام ملک میں امن اور شانتی کے لیے اپنا نمایاں رول بھی ادا کر رہے ہیں، باوجود اس کے دارالعلوم دیوبند اور جمعیت علمائے ہند کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کرنا غیر مناسب ہے'۔ انہوں نے کہا کہ 'اس طرح کے بیانات دینے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے'۔