بیدر: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدارتی عہدہ کیلئے منعقد انتخابات میں سینئر کانگریس قائد و راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما ملکارجن کھرگے نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی صدر منتخب ہوئے۔ ڈاکٹر ملکارجن کھرگے کے صدر منتخب ہونے کے پر مسرت موقع پر آج بیدر کے گاوان چوک،چوبارہ،بسویشور سرکل، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سرکل ، شیواجی چوک،مڈیوال سرکل، نوباد کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں کانگریس قائدین نے زبردست آتش بازی کی،مٹھا ئیاں تقسیم کیں۔Congress workers celebrate Mallikarjun Kharge’s victory
اس موقع پر سیکرٹری ضلع کانگریس کمیٹی بیدر احسن کمال پرویز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک بالخصوص بیدر ضلع کےعوام کیلئے انتہائی مسرت اور فخر کی بات ہے کہ بیدر ضلع کے تعلقہ بھالکی کے وروٹی دیہات میں دلت گھرانے میں پیدا ہوئے ڈاکٹر ملکارجن کھرگے ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والی سب سے قدیم اور سیکولر جماعت کے قومی صدر منتخب ہوئے ہیں۔
50 سالہ سیاسی زندگی میں وہ نو مرتبہ کرناٹک لیجسلیٹیو اسمبلی کے رکن رہے، ریاست کرناٹک کی کانگریس حکومتوں میں وزیر داخلہ کے بشمول مختلف وزارتوں کے کابیینی وزیر رہے، کرناٹک اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد رہے، کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر رہے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور کئ ریاستوں میں پارٹی امور کے انچارج کے عہدے پر فائز رہے، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن رہے،گلبرگہ کے رکن پارلیمنٹ رہے، راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنمابنائے گئے ۔
احسن کمال پرویز نے ڈاکٹر ملکاارجن کھرگے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان تمام رائےدہندوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمتی ووٹ ملکارجن کھرگے کے حق میں استعمال کرتے ہوئے انہیں شاندار کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے کانگریس کا قومی صدر منتخب کیا۔ سیکرٹری ضلع کانگریس کمیٹی بیدر احسن کمال پرویز نے امید ظاہر کی ڈاکٹر ملکارجن کھرگے اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا بھرپور استمعال کرتے ہوئے سونیا گاندھی کی سرپرستی و رہنمائی میں کانگریس پارٹی کو مضبوط بناکر آنے والے دنوں میں ریاست کرناٹک اور ملک میں کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لائیں گے۔ Congress Presidential Poll
رکن کے پی سی سی امرت چمکوڑ ،جنرل سیکرٹری ڈی سی سی ایم اے سمیع،صدر بلاک کانگریس کمیٹی بیدر اربن محمد یوسف نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ملکارجن کھرگے کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ کونسلر پرشات دوڈی ، نمائندہ کونسلر موہن کالیکر ، یوتھ کانگریس قائد محمد عبدلنعیم کے علاوہ دیگر کئ کانگریس قائدین و کارکنان اس جشن میں شامل تھے ۔