گلبرگہ: ریاست کرناٹک کے گلبرگہ شہر میں کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیر اہتمام 2023 کرناٹک کے اسمبلی انتخابات، گلبرگہ اور دیگر مقامات پر مسلم قیادت کی ضرورت کے عنوان پر عبدالجبار گولہ کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقعے پر ملی، سماجی، تعلیمی اداروں، تنظیموں کے ذمہ داران، علماء و دانشوران، سیاسی قائدین، ایڈوکیٹس، انجینئرز اور ڈاکٹرز نے شرکت کی اور گلبرگہ و دیگر مقامات پر مسلم قیادت کو مضبوط کر نے سے متعلق اپنے اپنے مشورے و تجاویز پیش کیے۔
اس موقعے پر کل ہند مجلس تعمیر ملت کے ضلعی صدر عبدالجبار گولہ نے کہا کہ کرناٹک میں مسلم اراکین اسمبلی کی تعداد مسلسل کم ہوتی جارہی ہے۔ کرناٹک میں مسلمانوں کی آبادی ایک کروڑ سے بھی زیادہ ہے، لیکن اس کے باوجود یہاں مسلم قیادت کمزور ہوتی جارہی ہے۔ اس سے پہلے کرناٹک میں ایس ایم کرشنا کی حکومت میں کرناٹک میں 32 مسلم اراکین اسمبلی تھے، تاہم اب کرناٹک میں صرف سات اراکین اسمبلی ہیں۔ اس لئے کرناٹک کے 2023 اسمبلی انتخابات میں تمام مسلم تنظیمیں متحد ہوکر مسلم امیدواروں کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم امیداروں کو کامیاب بنانا وقت کی ضرورت ہے خواہ وہ کسی بھی پارٹی کا امیدوار ہو اور اس کے لئے اتحاد و اتفاق کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل کے لئے حکمت عملی بھی بنانا ہے کیونکہ بغیر لائحہ عمل کے کوئی بھی مقصد پورا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی مقصد کو لیکر تعمیر ملت کی جانب سے شہر کے تمام سماجی، ملی، سیاسی، تعلیمی اور تنظیموں کے ذمہ داران کو خصوصی طور پر پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے دعوت دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:۔ Karnataka Assembly Elections 2023 کرناٹک انتخابات پر گلبرگہ شمال کے عوام رائے، ای ٹی وی بھارت کی گراؤنڈ رپورٹ
اس موقعے پر ایڈوکیٹ مظہر حسین نے کہا کہ گلبرگہ شمال مسلم اکثریتی علاقہ ہے۔ یہاں پر سب سے زیادہ مسلم ووٹ ہیں۔ یہاں پر ہمیشہ سے مسلم امیدوار کو ہی کامیاب حاصل ہوئی ہے۔ یہاں کے عوام نے ہر مرتبہ اتحاد کے ساتھ ایک ہی امیدوار کو ووٹ دیا ہے۔ اسی طرح ہم اس بار بھی اسمبلی انتخابات میں ایک اچھا فیصلہ لے کر کسی ایک مسلم امیدوار کو کامیاب بنائیں گے۔ اسی طرح کرناٹک بھر میں مسلم امیدوار کو کامیاب بنانے کےلئے اتحاد کے ساتھ ووٹنگ کرنے کے لئے عوام سے گزارش کی گئی ہے۔