بنگلور: وزیر اعظم نریندر مودی آج کرناٹک کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وزیر اعظم مختلف سرکاری پروگراموں میں شرکت کریں گے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔ آنے والے دنوں میں، الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔ مودی چکبالا پور میں 'شری مدھوسودن سائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ' کا افتتاح کریں گے اور بعد میں وہ بنگلور میٹرو کی وائٹ فیلڈ (کڈوگوڈی) کرشنا راج پورہ میٹرو لائن کا افتتاح کریں گے اور ٹرین میں سواری بھی کریں گے۔ اس کے بعد وہ ضلع ہیڈکوارٹر قصبہ داونگیرے جائیں گے اور بی جے پی کی 'وجے سنکلپ یاترا' کے اختتام کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق کرناٹک میں انتخابات کی تیاریاں شروع ہونے کے بعد سے پارٹی کی یہ پہلی میٹنگ ہے، جس میں وزیر اعظم شرکت کریں گے داونگیرے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمان جی۔ ایم سدھیشور نے کہا کہ ریلی میں کل 10 لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف داونگیرے ضلع سے تقریباً تین لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ داونگیرے پہلے ہی بھگوا رنگ سے رنگا ہوا ہے اور جی ایم آئی ٹی کالج کے ساتھ 400 ایکڑ اراضی میں ایک پنڈال بنایا گیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری مہیش ٹینگیناکئی نے دعویٰ کیا کہ خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی گاڑیوں یا رتھوں میں ریاست بھر میں چار مخلتلف سمتوں میں شروع ہوئی چار 'وجے سنکلپ یاترا' کامیاب رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یاترا کے تحت کل 5600 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ہم 224 حلقوں تک پہنچے۔ پارٹی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جلسے کے لیے بڑے پیمانے پر کھانے پینے کے انتظامات کیے گئے ہیں اور 400 کاؤنٹرز کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار باورچی مقرر کیے گئے ہیں اور پارکنگ کے لیے 44 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پچھلے سال اگست میں کانگریس کے سینئر لیڈر سدارامیا کے 75ویں یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے وسطی حصے میں واقع داونگیرے میں ہی ایک بہت بڑا پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس بڑے پر پروگرام کے انعقاد کے بعد بی جے پی کے مقامی لیڈران اسمبلی انتخابات سے قبل علاقے میں ایک اور بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کے لیے پارٹی پر دباؤ ڈال رہے تھے۔ وزیر اعظم ہفتہ کو سری مدھوسودن سائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ (SMSIMSR) کا افتتاح کریں گے۔ ایس ایم ایس آئی ایم ایس آر کا قیام سری ستھیا سائی یونیورسٹی فار ہیومن ایکسیلنس کے ذریعہ ستھیا سائی گاؤں، مدیناہلی، چکبالا پور میں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : Rahul Gandhi Disqualified نریندر مودی کی حکومت کی بزدلی سامنے آگئی ہے،سدا رمیا