گلبرگہ: ریاست کرناٹک گلبرگہ شہر کے خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کیمپس میں خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ کے سالانہ اسپورٹس اور کلچرل مقابلوں کا شاندار اختتامی پروگرام عمل میں آیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طالب علم سید محمود کی قرآت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے بی این یو ڈاکٹر محمد نذیر احمد نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ پروچانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ حضرت سید محمد علی الحسینی، وائس چانسلر کے بی این یو پروفیسر علی رضا موسوی نے حضرت سید محمد علی الحسینی کی گلپوشی کی۔ ایک ہفتہ چلنے والے اسپورٹس اور کلچرل مقابلوں میں فیکلٹی آف میڈیکل سائنس کو رولنگ ٹرافی دی گئی۔ انھوں نے مختلف مقابلوں میں 1900 نشانات حاصل کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا اور پہلی رولنگ ٹرافی اٹھائی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سدلنگ چینگٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے طلبہ کے ساتھ اس ٹرافی کو حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
کے بی این یو میں ”اسپورٹس اور کلچرل فیسٹول 2023“ کا انعقاد
حضرت سید محمد علی الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو نصیحت فرمائی کہ وہ صرف پڑھائی، کھیل کود یا کلچرل سرگرمیوں تک خود کو محدود نہ رکھیں۔آپ نے فرمایا کہ طلبہ ہر شعبہ میں آگے رہیں یہی خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ کا منشاء ہے۔ اس موقع پر پروفیسر علی رضا موسوی نے کہا کہ میں اس بات کو لے کر کافی پرامید ہوں کہ تمام شعبہ جات کو ملا کر ایک اکائی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ چنانچہ ہم سب کو ایک صحت مند ماحول بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کو اگلے مرحلے پر لے جانے کی کوشش کریں گے۔
پروفیسر علی رضا موسوی وائس چانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ، ڈین آف لینگویجز پروفیسر نشاط عارف حسینی، ڈین آف ریسرچ پروفیسر راجشری پلاڈی، ڈاکٹر سدلنگ چینگٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے بی این ٹی اینڈ ہاسپٹل، شعبہ فورنسک سائنس کی سربراہ محترمہ ڈاکٹر زماں موسوی، ڈاکٹر ایم اے بصیر ڈائریکٹر آئی کیو اے سی، کے بی این یو، ڈاکٹر سید نذیر احمد ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، ڈاکٹر بلال احمد انچارج ایونٹ کے ہاتھوں مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والوں کو میڈلز و اسناد دیے گئے۔ ڈاکٹر ثنا اعجاز فیکلٹی آف سائنس نے جلسہ کی میزبانی کی۔ ناگیندر نائکواڑی اسپورٹس ٹیچر سید اکبر حسینی اسکول کو ان کی کاوشوں کے اعتراف میں میڈل دیا گیا۔ ڈاکٹر بلال نے سب کا اظہار تشکر کیا۔ شہ نشین پر پروفیسر اے ایم پٹھان، سکریٹری خواجہ بندہ نواز ایجوکیشن سوسائٹی، پروفیسر رخسار فاطمہ انچارج رجسٹرار خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ بھی موجود تھے۔