حیدرآباد سے 135 کلومیٹر دور پر واقع حضرت سید شاہ افضل بیابانی رحمتہ اللہ علیہ کا آستانہ واقع ہے جو امن یکجہتی کے ساتھ ساتھ علم و ادب کا گہوارہ بھی ہے ،آستانہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی رحمتہ اللہ علیہ میں 2016 میں بیابانی اسلامک ریسرچ اینڈ نالج سنٹر قاضی پیٹ ورنگل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ حافظ قاری ڈاکٹر محمد خان بیابانی رفاعی القادری رکن بیابانی اسلامک ریسرچ اینڈ نالج سنٹر قاضی پیٹ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ صاحب قبلہ سجادہ نشین آستانہ سید شاہ افضل بیابانی رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے اکابرین کی نایاب کتابوں کو مختلف زبانوں میں ترجمہ کروایا ہے، خاص کر عربی کی کتابوں کو اردو میں، فارسی کی کتابوں کو اردو زبان میں ترجمہ اور قدیم اردو زبان کی کتابوں کو جدید اردو زبان میں منتقل کرتے ہوئے قوم و ملت کے رہبری کے خاطر نمایاں خدمات انجام دی ہیں-
انہوں نے کہا کہ بیابانی اسلامک ریسرچ اینڈ نالج سنٹر میں علمائے کرام کی ایک ٹیم کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیابانی اسلامک ریسرچ اینڈ نالج سنٹر کی جانب سے عالمی کانفرنس کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا ہے جس میں بیابانی اسلامک ریسرچ سینٹر کی جانب سے تحقیقی و دیگر علوم پر بارہ کتابیں بایک وقت جس میں مختلف اصناف کی کتابوں شامل میں ان کی رسم اجراء عمل میں لائی گئی- موجودہ سجادہ نشین خسرو پاشا صاحب قبلہ کی خصوصی توجہ کی وجہ سے کئی کتابوں کا انگریزی اور علاقائی زبان تیلگو میں ترجمہ کیا گیا ہے-
انہوں نے کہا کہ اکثر ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری کتابیں علاقائی زبان میں کم ترجمہ ہوتی ہیں جس کی وجہ سے برادران وطن اور وہ احباب جنہوں نے علاقائی زبان میں تعلیم حاصل کی ہے وہ ان نایاب کتابوں اور اس کے لکھنے کے مقصد سے محروم رہتے ہیں اس لیے موجودہ سجادہ نشین نے علاقائی زبان تیلگو میں بھی نایاب کتابوں کو شائع کیا ہے۔ ڈاکٹر محمد خان نے مزید کہا کہ سلسلہ بیابانی پر تحقیقی کام ہو رہا ہے اس کے علاوہ ترجمہ ، تجوید کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
مزید پڑھیں:Syed Shah Afzal Biabani Shrine اولیاء کا مسکن یکجہتی کا مرکز