سٹی پولیس کمشنر این ششی کمار نے یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ایک گروپ نے کنکناڈی میں ایک نجی بس کو روکا اور اس شخص پر حملہ کیا جو ایک دوسری ذات سے تعلق رکھنے والی عورت کے ساتھ سفر کررہا تھا۔
حملہ آوروں نے اس پر دھار دار ہتھیار سے وار کیا۔ جس کے بعد اسے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ واقعہ کے بعد نوجوان خاتون کو اس کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ ایک کیس بھی درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہے، پولیس نے اس ضمن میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو تین ماہ کے دوران پولیس کے پاس اس طرح کے تین سے چار واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مرد اور خاتون ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں نوکری کی تلاش میں بنگلور جارہے تھے۔
کمشنر این ششی کمار نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے شام اور راتوں کے وقت عام مقامات جیسے بس اسٹینڈ، ساحلِ سمندر اور پارکوں میں سخت سکیورٹی کے انتظام کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں کرناٹک کے منگلورو ضلع میں ایک 23 سالہ شخص کو دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ساتھ سفر کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور چھرا گھونپ دیا گیا تھا۔ جب کہ وہ دونوں بنگلورو جارہے تھے۔