سیراسی: ریاست کرناٹک کے اترا کنڑا ضلع کے سیراسی شہر کے ایک 71 سالہ شخص نے ثابت کر دیا کہ تعلیم حاص کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ اس شخص نے ابھی ڈپلومہ ان سول انجینئرنگ میں ریاست بھر میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
اتراکنڑا کے سیراسی شہر کے رہنے والے 71 سالہ نارائن بھٹ نے آر این شیٹی پالی ٹیکنک کالج میں تین سال تک تعلیم حاصل کی۔ وہ روزانہ کالج جاتے تھے، اسی طرح انہوں نے فائنل امتحان دیا اور ریاست بھر میں اول مقام حاصل کیا۔
نارائن بھٹ نے سنہ 1973 میں، گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج، کاروار سے مکینیکل ڈپلومہ میں ریاست بھر دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ وہ گجرات میں سوڈا فیکٹری میں ملازم کے طور پر کام کرتے تھے اور سنہ 2013 میں ریٹائر ہوئے اور اپنی ریٹائرڈ زندگی گزارنے کے لیے سیراسی آباد ہوگئے۔
گھر پر وقت ضائع کرنے کے بجائے، انہوں نے 2019 میں سیراسی کے آر این شیٹی پالی ٹیکنک کالج میں سول ڈپلومہ کے لیے داخلہ لیا۔ تین سالہ سول ڈپلومہ کورس کے لیے روزانہ کلاسز میں حاضر رہیں۔ بھٹ نے 91 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلے سال ٹاپ کیا، اور پھر انہوں نے آخری سال میں 94.88 کے ساتھ پہلا رینک حاصل کیا۔ نارائن بھٹ کو 2 نومبر کو بنگلور میں منعقد ہونے والے ڈپلومہ رینک کے طالب علموں کے لیے ایک اعزازی پروگرام میں وزیر اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر کی طرف سے اعزاز سے نوازا جائے گا۔