ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راگاپریا کی کامیاب منصوبہ بندی کے نتیجے میں ایک ہی دن میں دس ہزار افراد کو کووڈ ویکسین دینے کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
یادگیر ضلع کے تمام تعلقہ سرکاری ہسپتالوں، پرائمری ہیلتھ سنٹرز، کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز اور یادگیر شہر میں سرکاری ضلع جنرل ہسپتال کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر 219 سے زائد کووڈ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
یادگیر ضلع میں اب تک دو لاکھ 14 ہزار افراد کو کووڈ ویکسین دیے جا چکے ہیں۔ وہیں نو لاکھ 84 ہزار افراد کو ویکسین دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 18 سال سے 45 سال تک کی عمر کے تمام افراد کو اور 45 سال سے زائد عمر کے افراد سمیت فرنٹ لائن کووڈ واریئرس کو کووڈ ویکسین دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر یادگیر ڈاکٹر راگاپریا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کووڈ ویکسین لینے میں کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہوں اور نہ ہی غفلت سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو اور اپنے تمام اہلخانہ کو کووڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے لازمی طور پر ویکسین لیں۔
کمشنر نے مزید کہا کہ کووڈ ویکسین لینے سے کسی قسم کے سائڈ ایفیکٹس نہیں ہوتے، وہ خود ویکسین لے چکی ہیں اور انہیں کسی قسم کے مضر اثرات نہیں ہوئے ہیں