ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے مطابق بنگلور میں درگاہ حضرت توکل مستان کمیٹی کی جانب سے ان جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے دوران دس غریب و نادار بچیوں کی شادیاں کروائیں اور ان کے گھر بسائے۔
درگاہ حضرت توکل مستان کمیٹی کے صدر، سکریٹری و اراکین نے ایک جامع پروگرام کے ذریعہ اس فلاحی کام کو منعقد کر نہایت خوشی کا اظہار کیا۔ اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب میں نوعروس جوڑوں کے رشتے داروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب میں شرکت کرنے والے افراد نے ان نئے جوڑوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ تقریب کے موقع پر کمیٹی کے سکریٹری نے کہا کہ اس مبارک دن پر جلوس، بیانات کے علاوہ اس طرح کے فلاحی کاموں کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کیرلہ مسلم کلچرل سینٹر کے صدر نوشاد نے امت مسلمہ کے اصحاب حیثیت سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور اپنے مال کے کچھ حصے کو ملت کے غریبوں کی امداد و ارتقاء میں خرچ کریں کہ اس سے ساری قوم کا فائدہ ہوگا اور معاشرے میں ایک تبدیلی ہوگی۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل شہر بنگلور کی مقامی تنظیم کیرالہ مسلم کلچرل سینٹر نے بڑے پیمانے پر اجتماعی شادی کی ایک پرشکوہ تقریب سجائی تھی، جس سے متاثر ہو کر درگاہ حضرت توکل مستان کمیٹی نے بھی مستحق افراد کی اجتماعی شادی کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔