رواں موسم دسمبر اور جنوری میں ریکارڈ برف درج کی گئی اور ہر بار کی طرح امسال بھی سرینگر-لیہہ شاہراہ سردیوں میں بھاری برفباری کے سبب ٹریفک کی نقل و حمل کے لیے بند رہی۔
نمائندے کے مطابق بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی پروجیکٹ ’’وجیاک‘‘ ٹیم نے 12 فروری سے NH1D سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جسے 15 مارچ تک مکمل کیا گیا۔ تاہم شاہراہ کو پبلک ٹریفک کے لیے ہفتے بھر میں کھولے جانے کے امکانات ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کمانڈنگ آفیسر وجیاک ’’کے میترا‘‘ نے کہا کہ اس بھاری برف باری کے باوجود انہوں نے ریکارڈ وقت میں زوجیلا پر سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا۔
انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل اپریل ماہ کے اوائل میں زوجیلا شاہراہ ٹریفک کے لیے بحال کی جاتی تھی تاہم اس سال جنگی بنیادوں پر شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا گیا۔
کے میترا کے مطابق پروجیکٹ وجیاک نے مختصر وقت میں 39 کلومیٹر سڑک پر سے برف ہٹانے کا کام مکمل کر لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ این ایچ 1 ڈی (NH1D) ایک ہفتے کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بحال کی جائے گی جبکہ پہلے مرحلے میں فوجی گاڑیوں کو ہی اس راستے سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔