کرگل وجے دیوس کی 22ویں سالگرہ کے موقع پر پیر کے روز دراس (کرگل) میں واقع کرگل وار میموریل پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کرگل جنگ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے وار میموریل پر پھول مالا چڑھائی۔
بتادیں کہ اس تقریب میں صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند کو شرکت کرنا تھی لیکن ناساز موسمی حالات کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔
موصوف صدر نے بعد میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں واقع ڈیگر وار میموریل پر پھول مالا چڑھائی اور کرگل جنگ کے دوران ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سری نگر میں مقیم دفاعی ترجمان عمران موسوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرگل وجے دیوس کی 22ویں سالگرہ کے موقع پر پیر کے روز دراس میں واقع کرگل وار میموریل پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور وار میموریل پر پھول مالا چڑھائی۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ تقریب میں کرگل جنگ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجی جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا: 'اس سال کی کرگل وجے دیوس کی تقریبات دو طریقوں سے منفرد تھیں کیونکہ اس سال عین اسی موقع پر 'سوارنم وجے ورش فتح مشعل' کرگل وار میموریل پر پہنچ گئی۔ یہ 'فتح مشعل' سال 1971 ہند – پاک جنگ کے دوران ملک کی پچاس سالہ فتح کی یاد گار ہے'۔
موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ 26 جولائی کو کرگل وار میموریل پر منعقدہ تقریب کا آغاز چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی طرف سے 'سوارنم وجے ورش فتح مشعل' کے استقبال سے ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر شمالی کمان کے جی او سی اِن سی لیفٹیننٹ جنرل وائی کے جوشی، چودہویں کور کے جی او سی جنرل پی جی کے مینن، پندرہویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے اور سولہویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سوچندرا کمار اور دیگر فوجی و سول افسران، قربانی پیش کرنے والے فوجی جوانوں کے قریبی رشتہ دار بھی موجود تھے۔
بیان میں کہا گہا کہ اس کے بعد وار میموریل پر فوجی وسول افسروں نے پھول مالائیں چڑھائیں اور قربانی پیش کرنے والے فوجی جوانوں کے اہل خانہ نے بھی اشک بار آنکھوں سے انہیں خراج پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں 26 جولائی کو سال 1999 میں کرگل جنگ کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کو یاد کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کا دورہ کرگل منسوخ
بتادیں کہ صدرِ جمہوریہ گزشتہ روز اپنے چار روزہ دورہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لئے سری نگر پہنچے۔
آج شام کو سرینگر میں واقع راج بھون میں ایک موسقی کا پروگرام رکھا گیا ہے جس کے بعد صدر ہند جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔
صدر جمہوریہ 27 جولائی کو سری نگر میں کشمیر یونیورسٹی کے 19ویں سالانہ جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کریں گے۔