رانچی: جھارکھنڈ کے تمام اسکولوں کو 21 جون تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت جھارکھنڈ کے محکمہ اسکول، تعلیم اور خواندگی نے اتوار کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی اور لو چلنے کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست میں چلنے والے سرکاری، غیر سرکاری امداد یافتہ اور غیر امدادی اقلیتی اسکولوں سمیت تمام پرائیویٹ اسکولوں میں کلاس کے جے کلاس آٹھ تک کے اسکول 21 جون تک بند رہیں گے۔ کلاس 9 سے 12 تک کی کلاسز صبح 7 بجے سے 11 بجے تک چلیں گی۔ خیال ر ہے کہ اس سے قبل 11 جون کو تمام اسکولوں کو 14 جون تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ پھر 14 جون کو ترمیم کرتے ہوئے 17 جون تک بند کر دیئے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Severe Heat Wave in Bihar بہار میں شدید گرمی کی لہر، ہیٹ اسٹروک سے چالیس سے زیادہ لوگوں کی موت
جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کی طرف سے جاری کردہ ایک خط میں لکھا گیا ہے کہ اسکولوں کو کھولنے سے متعلق پہلے جاری کردہ ہدایات میں جزوی ترمیم کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل تمام اسکول 19 جون سے شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ لیکن ریاست میں گرمی کا زور اب بھی بہت زیادہ ہے، ایسے میں کے جی سے آٹھویں جماعت کے بچوں کی چھٹیاں 21 جون تک بڑھا دی گئی ہیں۔ حکم نامے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اس عرصے میں بچوں کی تعلیم کے نقصان کا الگ سے ازالہ کیا جائے گا۔ جھارکھنڈ میں لوگ شدید گرمی کے قہر کا سامنا کر رہے ہیں۔ گرمی کی وجہ سے لوگ مسلسل بیمار ہورہے ہیں، اس دوران کچھ لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت کی جانب سے ایک بار پھر اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔