رام گڑھ: جھارکھنڈ کے ضلع برلنگا تھانہ علاقے میں پولیس نے ایک شادی شدہ خاتون کی خودکشی کے معاملے کا انکشاف کیا ہے۔ در اصل اس خاتون کو اس کے عاشق نے خودکشی کرنے پر اکسایا تھا پولیس نے عاشق کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کے پاس سے لائیو ویڈیو کال کی ریکارڈنگ بھی برآمد ہوئی ہے۔ برلنگا تھانہ علاقہ کی رہنے والی پائل کماری شادی شدہ خاتون نے 19 نومبر کو خودکشی کر لی تھی۔ جس کے بعد اس کے والد نے سسرال والوں کے خلاف جہیز کے لیے تنگ کرنے پر خودکشی کا مقدمہ درج کروایا تھا، مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ہر زاویے سے تفتیش شروع کردی تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ عاشق نے خاتون کو خودکشی پر اکسایا تھا۔ Live recording of incident of boyfriend inciting girlfriend to commit suicide on video call
واقعہ کے تعلق سے برلنگا تھانہ انچارج رگھوناتھ سنگھ نے بتایا کہ 19 نومبر 2022 کو تیجو سنگھ کے گھر سے ان کی بہو پائل کماری کی لاش ملی تھی۔ اس سلسلے میں متوفی کے والد تپیشور سنگھ نے متوفی کے شوہر وشال سنگھ سسر تیجو سنگھ ساس بدھنی دیوی اور بہنوئی ویرو سنگھ کے خلاف برلنگا میں مقدمہ درج کرایا تھا، جہیز کے مطالبے پر خودکشی کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے جب اس واقعہ کی تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ پائل کماری شادی سے پہلے اس کے میکے کے رہنے والے منجیت کمار سے محبت کرتی تھی۔
شادی کے بعد بھی دونوں کے درمیان بات چیت ہوتی تھی، خاتون کے شوہر کو اس بات کا علم ہو گیا تھا جس کی وجہ سے متوفیہ اور اس کے شوہر کے درمیان کئی بار جھگڑے ہو چکے تھے۔ اس کے باوجود منجیت کمار سے خاتون کی بات چیت جاری رہی۔ کچھ دنوں کے بعد خاتون کے عاشق منجیت کمار نے بھی اس سے جان چھڑانے کے لیے اس سے بات کرنا چھوڑ دیا تھا، اس بات پر خاتون اور اس کے عاشق کے درمیان جھگڑا ہوا۔
خاتون نے اپنے عاشق پر ایک بار ملنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان یہ وعدہ ہوا کہ وہ 26 نومبر کو اپنے گاؤں میں شادی کی تقریب میں ملیں گے، لیکن اس سے پہلے 18 نومبر کو عاشق بغیر بتائے پونے چلا گیا، جس کی وجہ سے خاتون سخت ناراض ہوئی اور اسے واپس آنے کو کہا لیکن عاشق منجیت نے واپس آنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد خاتون نے اپنے عاشق کو واٹس ایپ پر ویڈیو کال کرکے خودکشی کی دھمکی دی۔
عاشق منجیت نے اپنی گرل فرینڈ کو خودکشی کرنے سے نہیں روکا بلکہ اسے مرنے پر اکسایا جس کے بعد مایوس ہو کر خاتون نے خودکشی کرلی۔ عاشق منجیت نے اس کے ساتھ ہونے والی آخری ویڈیو کال گفتگو کی اسکرین ریکارڈنگ اپنے پاس رکھی تھی اور اسے موبائل سے ڈیلیٹ کر کے پینڈ ڈرائیو میں محفوظ کر کے چھپا دیا تھا۔ پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کرنے پر عاشق منجیت ٹوٹ گیا، جس کے بعد اس نے سارا واقعہ بتایا۔ اس کے ساتھ خودکشی کرنے والی خاتون کی ویڈیو کال ریکارڈنگ بھی دکھایا۔ جسے پولیس نے ضبط کرلیا ہے۔