نامکم میں واقع سماجی کارکن فادر اسٹین سوامی کی رہائش گاہ پر جمعرات کے روز این آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا اور ان سے پوچھ گچھ کی۔ این آئی اے کی ٹیم نے تقریبا ڈھائی گھنٹے تک فادر اسٹین سوامی سے پوچھ گچھ کی ہے۔ سوامی نے اس معاملے سے متعلق کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا ہے۔
جمعرات کے روز این آئی اے کی ٹیم نے نامکم میں فادر اسٹین سوامی کی رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کی۔ اس سے پہلے بھی این آئی اے کی ٹیم متعدد بار اسٹین سوامی کے گھر پر چھاپہ ماری کرچکی ہے۔ تفتیش کے لئے پہنچنے والی ٹیم میں ایک این آئی اے افسر اور دو دیگر افسر شامل تھے۔ یہ افسر اپنے ساتھ کچھ کاغذات لیکر اسٹین سوامی کی رہائش گاہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے کافی دیر تک پوچھ گچھ کی۔
مہاراشٹر اے ٹی ایس نے اس سے قبل سماجی کارکن فادر اسٹین سوامی کی رہائش گاہ پر بھی پوچھ گچھ کی ہے۔مہاراشٹر پولیس نے اس سے پہلے بھیما کورے گاؤں میں ہونے والے تشدد سے متعلق معاملے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی۔کچھ ہفتہ قبل پولیس نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ان کی رہائش گاہ کی تلاشی لی گئی تھی۔
اس بار فادر اسٹین سوامی نے این آئی اے کی پوچھ گچھ کے بعد کچھ بھی بولنے سے انکار کردیا ہے۔ای ٹی وی بھارے کے نمائندے نے بھی سوامی سے فون پر بات چیت کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے کچھ بھی نہیں بتایا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر کے پونے ضلع میں واقع بھیما کورے گاؤں میں 1 جنوری 2018 کو مبینہ طور پر اسٹین سوامی اور دیگر سماجی کارکنوں کی طرف سے ایک تقریر دی گئی تھی۔اس معاملے میں فادر اسٹین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔فادر اسٹین سوام پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مہاراشٹر کے نکسلی تنظیم یلگار پریشد کی حمایت کی تھی۔جس کے بعد مہاراشٹر کی پونے اور اے ٹی ایس پولیس نے اس معاملے میں جاری تحقیقات کے تحت چھاپہ ماری کی گئی تھی۔
گزشتہ برس 6 جون کو سریندر گڈلنگ ، سدھیر دھوالے ، مہیش راوت ، شما سین اور رونا ولسن کو گرفتار کیا گیا تھا۔وہ ابھی بھی مہاراشٹر کی یرودا سینٹرل جیل میں بند ہیں۔اسی طرح ، 28 اگست 2018 کو ، پولیس نے پانچ دیگر کارکنوں یعنی سدھا بھاردواج ، ارون فریریرا ، ورنن گونزالویس ، ورورا راؤ اور گوتم نولکھا کو گرفتار کیا۔ ان لوگوں کو بھی ابھی رہا نہیں کیا گیا ہے۔