ریاست جھارکھنڈ کے ضلع دُمکا کے شکاری پاڑہ تھانہ علاقہ کے شیوتلہ گاؤں سے تین طلاق کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبر کے مطابق گاؤں کی رہنے والی حسینہ نے اپنے شوہر سلیم انصاری پر بیٹا نہ ہونے پر تین طلاق اور ڈیڑھ لاکھ روپے کا مطالبہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے سلیم انصاری کے خلاف تین طلاق ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
شکاری پاڑا تھانے میں متاثرہ خاتون کی طرف سے دی گئی درخواست کے مطابق ان کی شادی سنہ 2011 میں کاٹھی کنڈ تھانہ علاقہ کے بیچھیا پہاڑی گاؤں کے رہنے والے سلیم انصاری کے ساتھ ہوئی تھی۔
چند سال بعد تین لڑکیاں ہونے پر شوہر نے اسے ہراساں کرنا شروع کر دیا اور کہا کہ تم صرف لڑکی پیدا کر رہی ہو۔ اس نے متاثرہ کے والد سے ڈیڑھ لاکھ روپے لانے کے لیے بھی دباؤ ڈالا اور کہا کہ اگر پیسے نہ ملے تو میں تمہیں اپنے پاس نہیں رکھوں گا۔ اس سلسلے میں کئی بار پنچایت بھی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ہریانہ: گروگرام میں تین طلاق کا کیس درج
حسینہ کی شکایت کے بعد پولیس نے جہیز ہراسانی اور تین طلاق ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شکایت پر تفتیش کی جا رہی ہے، جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔