کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی کے اس بیان کے تعلق سے مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود اسمرتی ایرانی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی ۔ اس شکایت کے مدنظر جھارکھنڈ کے چیف الیکشن افسر سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔
رپورٹ ملنے کے بعد ہی کمیشن اس بارے میں کوئی فیصلہ لے گا ۔ واضح ر ہے کہ راہل گاندھی نے جھارکھنڈ میں انتخابی ریلی میں مودی حکومت کے دور میں جنسی زیادتی کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'میک ان انڈیا' اب 'ریپ ان انڈیا' ہو گیا ہے ۔ ان کے اس بیان کے سلسلے میں لوک سبھا میں اسمرتی ایرانی نے کافی ہنگامہ کیا اور اسے خواتین مخالف بتایا اور سیاست پر مبنی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکایت کی۔
راہل گاندھی نے گذشتہ دنوں رام لیلا میدان میں اپنی پارٹی کی ریلی میں کہا'وہ مر جائیں گے لیکن معافی نہیں مانگیں گے '۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی راہل گاندھی سے کوئی جواب نہیں مانگا گیا ہے ۔ اس لیے یہ کہنا غلط ہے کہ انہیں کسی قسم کا نوٹس بھیجا گیا ہے ۔