جھارکھنڈ میں کورونا کا قہر دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے۔ کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ محکمہ صحت سے موصول ہوئی جانکاری کے مطابق اتوار کے روز کورونا سے ریاست میں مجموعی طور پر 6 افراد کی موت ہوگئی۔
واضح رہے کہ رمس اسپتال میں صرف 4 مریض کی موت واقع ہوئی ہے، وہیں ایک مریض کی موت گوڈا کے صدر اسپتال میں ہوئی ہے اور ایک مریض کی موت جمشیدپور کے ٹاٹا میموریل اسپتال میں واقع ہوئی ہے۔ریاست میں اب تک کورونا کی وجہ سے مرنے والے مریضوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
اتوار کے روز رمس میں کورونا سے کتراس کے رہنے والے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔اس کے بعد ہزاری باغ کے ایک اور بہار کے گیا ضلع کے ایک رہائشی کی موت بھی کورونا کی وجہ سے واقع ہوگئی۔چوتھا مریض کا تعلق ریاست کے کوڈرما ضلع سے ہے، جس کی موت رمس کے کووڈ وارڈ میں ہوئی۔
وہیں اتوار کے روز رمس کے ٹیسٹنگ لیب میں کورونا کے 43 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 4 روز میں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔گزشتہ 4 روز میں 600 سے زائد مریض کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔
اس ہفتے وزراء ، اراکین اسمبلی سمیت متعدد سیاسی افراد بھی کورونا کی گرفت میں آگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے بہت سی سیاسی جماعتوں کے مراکز ، دفاتر حتی کہ ریاستی دفاتر بند ہیں۔ روزانہ 150 سے زیادہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے پیش نظر ریاستی حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر بنگال کی سرحد کو سیل کردیا ہے تاکہ پڑوسی ریاست سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ نہ سکے۔دارالحکومت رانچی میں بنگال کی سرحد سے متصل سیلی کے علاقے میں سخت ناکہ بندی کی گئی ہے اور کسی بھی غیر قانونی پاس کو رانچی میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔