بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی اور ان کی اہلیہ ساکشی آج 4 جولائی کو اپنی شادی کی 10ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ سنہ 2010 میں دونوں نے شادی کی تھی۔ یہ جوڑا کرکٹ کی دنیا کے بہترین جوڑے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
مہیندر سنگھ دھونی اور ساکشی سنگھ راوت کی 'لو لائف' اور شادی کی کہانی کسی فلم سے کم نہیں ہے۔ بالی ووڈ کی عام فلموں کی طرح دونوں بچپن میں ملے اور پھر بچھڑ گئے۔
برسوں بعد دونوں کی ملاقات ایک مشترکہ دوست کے ذریعے کولکاتا میں ہوئی اور پھر دونوں کے مابین پھر سے رشتے قائم ہو گئے۔
دراصل دھونی کے والد پان سنگھ اور ساکشی کے والد آر کے سنگھ رانچی میں میکان لیمٹیڈ کمپنی میں کام کرتے تھے۔ اس دوران دھونی اور ساکشی نے کچھ دن رانچی کے جواہر ودیا مندر میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی تھی۔ تاہم دھونی اسکول میں سینئر تھے۔ ملازمت کے سلسلے میں آر کے سنگھ کو رانچی چھوڑنا پڑا اور دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔ ایک لمبے عرصے کے بعد قسمت نے ایک بار پھر دونوں کو ملایا۔
سنہ 2007 میں دھونی ٹیم انڈیا کے ساتھ پاکستان کے خلاف میچ کے لئے کولکاتا پہنچے تھے۔ یہاں کے ایک ہوٹل میں دھونی کے دوست یودھ جیت دتہ نے ان کی ملاقات ساکشی سے کروائی۔
اس ملاقات کے بعد ان کی محبت پروان چڑھی۔ آخر کار 3 جولائی کو دونوں کی دہرادون کے ایک ہوٹل میں سگائی ہوئی اور اگلے ہی دن شادی ہوگئی۔ مہیندر سنگھ دھونی اور ساکشی سنگھ دھونی کی ایک 5 سالہ بیٹی جیوا ہے۔
ساکشی اکثر اپنے انسٹاگرام پر دھونی اور جیوا کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
فی الحال کورونا کی وجہ سے دھونی گذشتہ 3 ماہ سے اپنے کنبے کے ساتھ آبائی شہر رانچی میں ہیں۔